سبق فاؤنڈیشن کا تعارف (انگریزی میں)

سبق فاؤنڈیشن، جسے عرف عام میں سبق یا Sabaq.pk کہا جاتا ہے، اسکو اقبال مصطفی خان نے 2012 میں ایک فلاحی ٹرسٹ کے طور پہ اسلام آباد میں قائم کیا ۔ پھر 2023 میں سبق فاؤنڈیشن کو Islamabad Charities Act, 2021 کے تحت دوبارہ رجسٹر کروایا گیا۔

ابتدائی سالوں میں، سبق فاؤنڈیشن کے چیئرمین اقبال کے بھائی تھے جبکہ اقبال بھی سبق سے وابستہ رہے۔ پھر 2023 میں اقبال خود سبق فاؤنڈیشن کے چیئرمین بن گئے اور اقبال کے بھائی بطور ڈائرکٹر شامل رہے۔ اقبال کی اہلیہ سبق فاؤنڈیشن کے تمام مواد بنانے (content development) کی نگرانی کرتی ہیں۔

سبق فاؤنڈیشن نے ہمیشہ عالمی معیار کی پیشہ ور اساتذہ کی ٹیم رکھی ہے جن کے پاس MSc/MPhil/Ph.D کے لیول کی ڈگریاں ہوتی ہیں اور جو اپنے شعبے میں جنون کی حد تک شوق رکھتے ہیں۔

سبق فاؤنڈیشن ایک غیر منافع بخش فلاحی ادارہ ہے اور اس کا دفتر اسلام آباد میں واقع ہے۔

سبق فاؤنڈیشن کے مقاصد :

سبق فاؤنڈیشن کا اولین مقصد پاکستانی طلباء کے لیے عالمی معیار کےویڈیولیکچرز بنانا ہے۔ سبق فاؤنڈیشن ان ویڈیوز کو مفت اپنی ویب سائٹ پر آن لائن بھی مہیا کرتا ہے۔

سبق فاؤنڈیشن روایتی رٹے کو ختم کر کے اور طلبہ کو اصل علم حاصل کر وا کے تعلیم میں انقلاب لانا چاہتا ہے۔ طلباء بار بار ضرورت پڑنے پر ویڈیو لیکچرز دیکھ کر اور پھر پریکٹس ٹیسٹ کے ذریعے خود کو ٹیسٹ کرکے، اپنے اندر تعمیراتی اور تنقیدی سوچ پیدا کرتے ہیں ۔

ہمارے ویڈیو لیکچر سادہ اردو میں دیے جاتے ہیں لیکن انگریزی میڈیم اصطلاحات استعمال کرتے ہیں۔ یہ ہمیں پورے پاکستان میں طلباء کی سب سے بڑی تعداد تک پہنچنے کے قابل بناتا ہے اور علوم کو تیزی سے سیکھنے میں ان کی مدد کرتا ہے۔ مزید برآں، اگرچہ ہمارے ویڈیو لیکچر کے موضوعات مکمل طور پر پاکستانی نصاب کے مطابق ہیں، لیکن ان ویڈیوز میں استعمال ہونے والا مواد عالمی معیار کا ہے نہ کہ پاکستانی کتابوں سے۔ اس سب کچھ علاوہ اردو زبان کا استعمال ہمارے ویڈیوز کو طلبہ کے سیکھنے کو بہتر بنانے میں بہت طاقتور بنا دیتا ہے۔

سبق فاؤنڈیشن کے اعزازات:

  1. پاکستان کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ مقبول (مفت): سبق پاکستان کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ مقبول ای لرننگ (eLearning) مواد فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ سبق نے آج تک 17,000+ ویڈیو لیکچرز تیار کیے ہیں اور انہیں KG-14 کلاسز کے لیے اپنی ویب سائٹ پر مفت فراہم کرتا ہے۔ سبق کے پاکستان کے تمام حصوں سے سالانہ 50 لاکھ صارفین ہیں۔ سبق ویڈیوز پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز (وفاق، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ، بلوچستان، اور کیمبرج) کے مطابق ہیں۔ مضامین میں انگریزی، اردو ، ریاضی، سائنس، کمپیوٹر سائنس، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، جنرل سائنس، جنرل ریاضی، شماریات اور اکاؤنٹنگ شامل ہیں۔
  2. اسکولوں کے لیے بلینڈڈ لرننگ (مفت): سبق نے اپنا ای لرننگ مواد پورے ملک کے اسکولوں کو مفت فراہم کیا ہے تاکہ وہ بلینڈڈ لرننگ کو لاگو کرسکیں۔ Sabaq Blended Learning پر مزید تفصیلات دیکھیں۔
  3. پی ٹی وی ٹیلی اسکول (مفت): سبق نے کرونا وائرس وبائی امراض کے جواب میں 2020 میں وفاقی وزارت تعلیم کو اپنا مواد مفت دیا۔ تب سے، پی ٹی وی ٹیلی اسکول متعدد ایڈ ٹیک فراہم کنندگان سے ای لرننگ ویڈیوز نشر کرتا رہا ہے لیکن تقریباً تمام ویڈیوز میں سے 70% سبق سے ہیں اور درحقیقت، ۹ تا ۱۲ کلاسز کی 100% ویڈیوز سبق کی ہیں۔

اقبال مصطفٰی خان کے بارے میں:

iqbal mustafa khan سبق فاؤنڈیشن کے بانی اقبال مصطفی خان کا تعلق گولڑہ شریف سے ہے جو کے اب اسلام آباد کا حصہ بن گیا ہے ۔ اقبال 1984 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ گئے اور 1988 اور 1990 میں بالترتیب انڈیانا یونیورسٹی، بلومنگٹن سے کمپیوٹر سائنس میں بی ایس اور ایم ایس کی ڈگریاں حاصل کیں۔ اس کے بعد، انہوں نے امریکہ میں رہائش اختیار کر لی اور مختلف کمپنیوں کے لیے کام کیا۔ اس کے بعد انہوں نے 1994 میں سیلیکون ویلی، کیلیفورنیا میں اپنی پہلی سافٹ ویئر کمپنی شروع کی۔

اس کے بعد سے، اقبال امریکہ میں متعدد سافٹ وئیرکمپنیاں شروع کرکے ایک سیریل انٹرپرینیور بن گئے۔ 1998 میں، انہوں نے اسلام آباد میں اپنے امریکہ میں قائم شدہ کاروبار کا آفس کھولا۔ اس وقت اقبال پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری کے ابتدائی لوگوں میں سے ایک تھے۔

اقبال کی سب سے حالیہ کمپنی الاچی سوفٹ (Alachisoft) ہے، جو امریکہ میں قائم ایک سافٹ ویئر کمپنی ہے۔ الاچی سوفٹ کی شروعات سلیکون ویلی، کیلیفورنیا میں ہوئی تھی، لیکن اب اس کا ہیڈ آفس ڈیلاس، ٹیکساس میں ہے اور اس کا ایک دفتر اسلام آباد میں بھی ہے۔ 2011 میں، اقبال 27 سال امریکہ میں رہنے کے بعدواپس پاکستان آئے اور سبق فاؤنڈیشن کا آغاز کیا۔ اقبال اب اسلام آباد میں مقیم ہیں لیکن کاروبار کے سلسلے میں امریکہ اور دیگر ممالک کا سفر کرتے ہیں۔

اقبال کا خاندان اپنے علاقہ میں جانا جاتا ہے۔ اقبال کے والد بھی علاقے کی معروف شخصیت تھے اور انہوں نے 1985 کے قومی اسمبلی کے انتخابات میں اسلام آباد سے حصہ لیا۔

اقبال کے خاندان کی تعلیم کے ساتھ ایک وابستگی ہے۔ ان کی والدہ اور پھوپھی گولڑہ شریف میں لڑکیوں کے لیے ایک سرکاری پرائمری اسکول چلاتی تھیں، جو ان کے دادا کے گھر کے اندر واقع تھا۔ اس وجہ سے اقبال کو پاکستان میں تعلیم کے لیے کچھ کرنے کابہت شوق تھا۔ لہذا، پاکستان واپس آنے پر، انہوں نے سبق فاؤنڈیشن کا آغاز کیا جو کی آئی ٹی انٹرپرینیورشپ اور تعلیم کا مجموعہ ہے ۔